انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک سالہ جائزے اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد امریکہ کرکٹ کی رکنیت کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
آئی سی سی بورڈ نے حالیہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا، جس میں امریکہ کرکٹ کی جانب سے آئی سی سی کے آئین کی بار بار خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔ کونسل کے مطابق، امریکہ کرکٹ مؤثر گورننس کا ڈھانچہ قائم کرنے میں ناکام رہی، امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی (USOPC) سے نیشنل گورننگ باڈی کے طور پر تسلیم کیے جانے کی سمت میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ کر سکی، اور ایسے اقدامات کیے جنہوں نے کھیل کی ساکھ کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچایا۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا“یہ معطلی افسوسناک ہے لیکن کھیل کے طویل المدتی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔”
معطلی کے باوجود، امریکہ کرکٹ کی قومی ٹیموں کو آئی سی سی کے مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، جس میں لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز (LA28) کی تیاری بھی شامل ہے۔
عملی تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے، آئی سی سی اور اس کے نامزد نمائندے عارضی طور پر امریکہ کی قومی ٹیموں اور ان کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
یہ نظام کھلاڑیوں کی معاونت، اولمپکس کی تیاری کے تسلسل، اور ہائی پرفارمنس اور پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے، جو امریکی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
آئی سی سی کی نارملائزیشن کمیٹی، آئی سی سی مینجمنٹ کی مدد سے، وہ اقدامات متعین کرے گی جو امریکہ کرکٹ کی رکنیت بحال کرنے اور معطلی ختم کرنے کے لیے ضروری ہوں گے۔
ان اقدامات میں گورننس، انتظامیہ اور مجموعی ڈھانچے میں واضح بہتری شامل ہوگی۔ کمیٹی پیش رفت کا جائزہ لے گی اور رہنمائی فراہم کرے گی۔
آئی سی سی نے امریکہ میں کرکٹ کے فروغ کے عزم کو دہراتے ہوئے کھلاڑیوں اور کھیل کے وسیع تر ماحول کے تحفظ پر زور دیا۔
امریکہ کرکٹ کو 2024 کی آئی سی سی جنرل میٹنگ میں پہلے ہی انتباہ دیا گیا تھا کہ وہ رکنیت کے تقاضے پورے نہیں کر رہا، اور اس کے لیے 12 ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔
تاہم، جولائی 2025 میں آئی سی سی بورڈ کو دیے گئے وعدوں اور یقین دہانیوں کے باوجود، معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث بالآخر معطلی کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی سی سی نے خاص طور پر امریکہ کرکٹ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ ایسے اقدامات سے باز رہے جو کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں یا آئی سی سی کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
